ہمارے یہاں جلد اور بالوں کی صحت کے لئے ملتانی مٹی کا کافی استعمال کیا جاتا ہے۔اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اس لئے اس کا استعمال گرمیوں میں زیادہ ہے۔ ملتانی مٹی، جسے فلرز ارتھ بھی کہا جاتا ہے، کا استعمال کرنے کے لئے کوئی مشکل طریقہ کار بھی نہیں اس لئے ہر ایک بغیر کسی سستی کے اس کو آرام سے استعمال کر لیتا ہے۔۔ فلرز ارتھ ملتانی مٹی کہا جاتا ہے، جلد کے تمام مسائل کا علاج اس کے پاس ہے۔ یہ نہ صرف جلد کی رنگت کو نکھارتی ہے بلکہ جلد کے بہت سے مسائل جیسے ایکنی، مہاسے، جلن سے بھی راحت پہنچاتی ہے۔
جلد کے لئے ملتانی مٹی کیسے فائدہ مند ہے؟
بات اگرآلودگی، کاسمیٹک پروڈکٹ یا غیر صحت مند طرز زندگی کی ہو دنیا میں کتنے ہی لوگ دانے، مہاسے، خشک جلد، خشک بال،اور جلد اور بال سے متعلق پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں۔ ہم اپنی جلد کو نکھارنے اور بے داغ بنانے کے لیے ہزاروں روپے خرچ کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس کے نتائج بھی زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہوتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں آزمودہ گھریلو نسخے پر بھروسہ کرنا زیادہ فائدہ مند ہے۔
جلد پر ملتانی مٹی کے اثرات
اگر آپ کے چہرے پر جلنے کے نشان ہیں تو ملتانی مٹی کو لیموں کے رس اور وٹامن ای کے ساتھ ملا کر لگائیں، چند دنوں میں نشانات ہلکے ہونے لگیں گے۔
ملتانی مٹی کو جلد کو چمکداراور نکھارنے کے لیے جانا جاتا ہے، یہ دانے، داغ، مہاسوں اور سورج کی تپش کی وجہ سے کالی پڑنے والی جلد جیسے مسائل سے بھی نجات دلانے میں مدد کرتی ہے۔ اس میں میگنیشیم، کوارٹز، سیلیکا، آئرن، کیلشیم، کیلسائٹ جیسے معدنیات پائے جاتے ہیں۔ روزانہ کے استعمال سے جلد سورج کی مضر شعاؤں کے سبب جھلسنے کے اثرات سے محفوظ رہتی ہے۔
ملتانی مٹی کا لیپ لگانے سے جلد میں موجود گندگی دور ہوجاتی ہے، یہ جھریوں کا بھی صفایا کرتی ہے۔ چونکہ یہ جراثیم کش خصوصیات کی حامل ہوتی ہے، اس لیے یہ جلد کو الرجی سے محفوظ رکھنے میں بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ اس کا استعمال زخموں پر بھی کیا جاسکتا ہے۔ چونکہ اسے لگانے سے جلد کو ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے، اس لیے اگر اسے چہرے پر لگایا جائے تو یہ سوجن میں آرام دیتی ہے۔ ملتانی مٹی مردہ خلیوں کو ہٹانے میں بھی کارآمد ثابت ہوتی ہے۔
چمکدار جلد حاصل کرنے کے لیے ٹماٹرکا رس اورصندل کا سفوف ملتانی مٹی کے ساتھ ملا کر فیس پیک بنالیں اوراسے اچھی طرح سے پورے چہرے پر لگائیں۔ خشک ہونے کے بعد چہرے کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ یہ پیک ہفتے میں 2 سے 3 بار لگائیں۔
سورج کے مضر اثرات سے چھٹکارا پانے کے لیے ملتانی مٹی میں ناریل کا تیل اور چینی ملا کر لگائیں۔ کچھ دیر بعد پیک کو ہلکے ہاتھوں سے اسکرب کی طرح سے استعمال کرتے ہوئے چہرے سے ہٹائیں۔
خشک جلد سے نجات حاصل کرنے کے لیے اس میں دودھ اور بادام کے پیسٹ کو شامل کریں اور پھر چہرے پر لگائیں۔ اس سے آپ کی جلد نرم ہوجائے گی۔ بادام کا پیسٹ بنانے کے لیے آپ بادام کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں اور پھر صبح پیس لیں۔
ملتانی مٹی کو نیم کی پتیوں کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے مہاسوں سے نجات ملتی ہے۔ اس کا فیس پیک چہرے کے مساموں کو کھولنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
ملتانی مٹی جلد کی صفائی کا کام کرتی ہے۔ اس میں اوٹس، نیم پاؤڈر، صندل پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر کو ملا لیں اور پھر اسے چہرے پر لگائیں۔ یہ جلد پر جمع ہونے والی تمام گندگی کو دور کرتی ہے۔