عام طور پر حلیم زيادہ تر افراد کی پسندیدہ ہوتی ہے لیکن اکثر افراد اس کو بنانے کی مشقت کے سبب اکثر خواتین اس کو پکانے سے ہچکچاتی ہیں اور اگر پکانے کے لیۓ تیار بھی ہو جائیں تو اگر حلیم کا گھوٹا ٹھیک سے نہ لگا ہو تو ساری محنت پر پانی پھر جاتا ہے
حلیم کو گھوٹنے کا پرانا طریقہ
عام طور پر حلیم کو گھوٹنے کے لیۓ لکڑی کا ایک بڑا ہتھوڑے نما گھوٹنا استعمال کیا جاتا ہے جس کو پکڑ کر گھنٹوں حلیم کو گھوٹا جاتا ہے یہ ایک سخت مشقت بھرا کام ہوتا ہے جس کے لیۓ خصوصی مہارت کی بھی ضرورت ہوتی ہے یہ عمل اس وقت تک کیا جاتا ہے جب تک ساری دالیں اور گوشت یک جان نہ ہو جائيں اگر اس کو غلط طریقے سے کیا جاۓ تو حلیم ذائقے میں جتنی بھی لذیذ ہو مگر اس کو کھانے کا حقیقی لطف حاصل نہیں ہوتا ہے

حلیم میں گھوٹا لگانے کا صحیح وقت
اگر آپ حلیم پکا رہے ہیں تو اس میں گھوٹا لگانے کا صحیح وقت حلیم کی تیاری میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے وقت سے قبل گھوٹا لگانے کی صورت میں نہ صرف فالتو توانائي ضائع ہو گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ حلیم کی لذت میں بھی کمی واقع ہو سکتی ہے حلیم کا گھوٹا شروع کرنے کا سب سے بہترین وقت وہ ہوتا ہے جب اس کا گوشت اور دالیں مکمل طور پر گل چکی ہوں اور ان کا پانی سوکھنے لگے زيادہ پانی کے ساتھ گھوٹا لگانا نہ صرف دشوار ہوتا ہے بلکہ اس صورت میں حلیم بھی پتلی رہ جاتی ہے لہذا یاد رکھیں گھوٹا لگانے سے قبل پانی ضرور سکھا لیں
حلیم کی دیگ کو صرف پانچ منٹ میں گھوٹنے کا جدید طریقہ
حلیم کو صرف پانچ منٹ میں گھوٹنے کے اس جدید طریقے کے لیۓ آپ کو پینٹ کو مکس کرنے والے ایک دھاتی مکسر کی ضرورت ہوتی ہے جو کسی بھی ہارڈ وئير کی دکان سے آسانی سے دستیاب ہو سکتا ہے
اس مکسر کو کسی بھی ڈرل مشین میں فٹ کر لیں اور اس کو حلیم کی دیگ میں ٹائم دیکھ کر چلانا شروع کر دیں صرف پانچ منٹ کے اندر نہ صرف حلیم مکمل گھوٹی جاۓ گی بلکہ اس کے اندر دال اور گوشت کے ملاپ سے جو لیس پیدا ہوتی ہے جو اس کی حقیقی لذت بناتی ہے وہ بھی پیدا ہو جاۓ گی امید ہے اس طریقے سے آپ انتہائي کم وقت میں بہت لذيذ حلیم تیار کر سکیں گی