"اللہ اگر بیٹی دے تو پھر ایسی بیٹی دے۔ میری بیٹی 14 سال سے میرا ایسے خیال رکھ رہی ہے جیسے میں اس کی بیٹی ہوں اور وہ میری ماں ہے۔ سارا وقت میری خدمت کرتی ہے"
یہ کہنا ہے گزشتہ روز دنیا سے رخصت ہونے والی خاور کیانی کا جو شاعرہ، مصنف، ورکنگ وومن ہونے کے ساتھ ملک کی نامور گلوکارہ حدیقہ کیانی کی والدہ بھی تھیں۔ خاور کیانی کئی سالوں سے معذوری کے باعث چلنے پھرنے سے قاصر تھیں اور اس تمام عرصے میں حدیقہ نے سعادت مند بیٹی ہونے کا فرض خوب نبھایا۔ ان کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں حدیقہ اپنے ہاتھ سے ماں کے سر پر مساج کررہی ہیں اور ان کا پاؤں دھلا رہی ہیں۔ ویڈیو دیکھیں
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں وہیل چیئر پر بیٹھی ہیں اور حدیقہ ان کے سر پر تیل لگا رہی ہیں اور پھر ان کا مینی کیور اور پیڈی کیور بھی کررہی ہیں۔ اس دوران خاور کیانی کہتی ہیں کہ "میں اللہ سے بس یہی دعا کرتی ہوں کہ مجھے اتنی صحت دے کہ میں اپنے کام خود کرسکوں میری بچی 14 سالوں سے خدمت کررہی ہے۔" جس کے جواب میں حدیقہ کہتی ہیں کہ "جب میں چھوٹی تھی اور آپ میرا خیال رکھتی تھیں تو کیا آپ تھک جاتی تھیں؟ جیسے ماں باپ نہیں تھکتے ویسے اولادیں بھی نہیں تھکتیں"
بلاشبہ خوش نصیب ہیں وہ اولادیں جنھیں آخری وقت میں اپنے ماں باپ کی خدمت کرنے کا موقع نصیب ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ عرصہ پہلے حدیقہ کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ان کی والدہ بول بھی نہیں سکتی تھیں اور حدیقہ ان کا خیال رکھ رہی تھیں۔