دنیا کے الگ الگ حصوں میں موسم اور ماحول کی وجہ سے مختلف رسم و رواج پائے جاتے ہیں جو کبھی خوشی کے موقعوں کے لئے ہوتے ہیں تو ان میں سے کچھ کا تعلق غم سے ہوتا ہے۔ یہ رسم و رواج سننے میں بھی بے حد عجیب ہوتے ہیں۔ چلیے آج ہم مختلف جگہوں کے ایسے ہی رواجوں کے بارے میں آپ کو بتاتے ہیں جنھیں جان کر آپ بھی حیران ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
کھاتے ہوئے نمک مانگنا بری بات ہے

کھانے کی میز پر نمک دانی رکھنا ایک معمولی سی بات ہے۔ اس کے علاوہ کھانے کے دوران نمک کم لگے تو بھی مانگ لیا جاتا ہے مگر اگر آپ مصر میں ہیں تو اس بات سے سختی سے گریز کریں۔ مصر کی روایت کے مطابق کھانا کھاتے ہوئے نمک مانگنا کھانا پکانے والے کی توہین کرنا ہوتا ہے اس لئے چاہے کچھ بھی ہو سر جھکائے کھانا کھاتے جائیں۔
دفتر بھی ننگے پاؤں چلے جاتے ہیں

نیوزی لینڈ میں ننگے پاؤں رہنے کا کلچر کافی عام ہے۔ اگر آپ سیاحت کے لئے نیوزی لینڈ کا رخ کریں تو دیکھیں گے کہ بڑی تعداد میں بچے ننگے پاؤں پارک کا رخ کررہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ لوگ سڑکوں پر بھی ننگے پاؤں گھومتے ہیں اور دفتر بھی بغیر کسی جوتے یا چپل کا تردد کیے بغیر چلے جاتے ہیں۔
بچوں کے اوپر سے کیوں کودا جاتا ہے؟

اسپین میں نوزائیدہ بچوں کے ساتھ ایک عجیب و غریب اور خطرناک رسم ادا کی جاتی ہے۔ اس رسم میں بچوں کو زمین پر لٹا کر ایک شخص رنگین کپڑے پہن کر ان کے اوپر سے کود کو دوسری جانب جاتا ہے۔ اس رسم کو El Salto del Colacho کہا جاتا ہے جس کا مقصد بچوں پر سے بری نظر اور شیطانی سایوں کا خاتمہ کرنا ہوتا ہے۔