آج کل بازار میں کھٹے انگوروں کی بھرمار ہے، ہر طرف انگور ہی انگور نظر آرہے ہیں۔ کچھ جگہ انگور سستے تو کچھ جگہ یہ مہنگے بھی مل رہے ہیں۔ اکثر رات کے وقت بازاروں میں آپ کو پھل کے ٹھیلوں پر تھوڑے سے نشان زدہ انگور بھی نظر آتے ہوں گے جنہیں وہ لوگ سستے داموں میں فروخت کرتے ہیں۔ اب ان انگوروں کو ہر کوئی نہیں خریدتا کیونکہ سب کو یہ بیکار اور گلے سڑے معلوم ہوتے ہیں۔
لیکن جناب! ان کی شکل پر مت جائیے، بلکہ ان کے فائدوں کو سوچیے اور صرف فائدے ہی نہیں ان نشان زدہ انگوروں سے آپ کو یہ زبردست کھانا بھی کھانے کو مل سکتا ہے۔ چلیں آج بتاتے ہیں آپ کو کے فوڈز میں ان خراب انگوروں کو کس طرح کھایا جائے۔
اجزاء:
٭ انگور،
٭ الائچی،
٭ چینی،
٭ پانی،
٭ ونیلا ایسنس،
٭ گُڑ،
٭ دودھ،
٭ زردے کا نارنگی رنگ
طریقہ:
٭ آدھا کلو انگوروں کو اچھی طرح دھو کر ان کو تھوڑی دیر رکھ دیں۔
٭ پھر ایک پتیلی میں 2 کپ پانی ڈالیں اور اس میں ایک کپ دودھ، ایک چمچ زردے کا رنگ، ایک چمچ الائچی کے دانوں کا پاؤڈر، ایک چمچ ونیلا ایسنس، 2 چمچ چینی پسی ہوئی اور ایک چمچ گُڑ پسا ہوا ڈال دیں اور اس کو اس وقت تک پکائیں جب یہ ایک گاڑھا سا محلول تیار نہ ہو جائے۔
٭ جب آپ دیکھیں کہ یہ میٹھا شیرہ گاڑھا ہونا شروع ہوگیا ہے اس میں انگوروں کو ڈال کر 5 سے 10 منٹ کے لیے ڈھکن ڈھک دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔
٭ پھر چمچ کی مدد سے انگوروں کو الٹ پلٹ کیجیے اور 3 منٹ مزید پکائیں۔
٭ لیجیے مزیدار انگور کا میٹھا بن کر تیار ہے اب اس کو چاہیں تو بادام یا پستے ڈال کر سروو کردیں۔