کہتے ہیں کہ اچھی صحت کا کوئی مول نہیں ، دنیا جہاں کی نعمتوں کے ساتھ اگر آپ کی صحت نہیں ہے یا آپ صحتمند نہیں ہیں تویہ نعمتیں آپ کے لئے بیکار ہیں۔ دنیا میں کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جن کے پاس روپیہ پیسہ، جائیداد، اولاد سب کچھ موجود ہے لیکن صحت نہیں ہے یا کوئی خطرناک مرض ہے جس کی وجہ سے وہ ان نعمتوں سے فائدہ اٹھانے سے یا لطف اندوز ہونے سے قاصر ہیں۔ اسی لئے انسان کواس دنیا میں موجود اللہ کی نعمتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھے اورایسی چیزوں سے گریز کرے جو اس کو تکلیف یا پریشانی میں مبتلا کرسکتی ہیں۔ ہماری کچھ ایسی عادتیں جو ہم کو چاق و چوبند اور صحت مند بناتی ہیں کوئی بہت مشکل عادتیں نہیں ہیں ، یا ایسی عادتیں جو ہمیں بیمار کرتی ہیں ان کا چھوڑنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ ہم ان میں سے کچھ چیزین اپنا کر اور کچھ چیزوں کو دور کر کے اپنی صحت کو بہتر کر سکتے ہیں۔
صحت مند زندگی گزارنے کے لئے چند عادتیں بدلنے کی کوشش ضرورکریں۔
1۔ صبح کا ناشتہ:
صبح کا ناشتہ نہ کرنے کی عادت ہم نے اکثر لوگوں میں دیکھی ہے ۔ ان کو لگتا ہے کہ صبح ناشتہ کرنے سے ان کو الٹی ہوجائے گی یا طبیعت بھاری ہوگی۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے پورے دن کی خوراکوں میں سب سے اہم خوراک ہے جسے آپ چھوڑ رہے ہیں اور آپ کی سارے دن کی کارکردگی اسی پر منحصر ہے۔ صبح کا ناشتہ نہ کرنے کی صورت میں آپ کا میٹا بولزم سست ہو جاتا ہے۔ جس سے اور زیادہ کھانے کی طلب ہوتی ہے۔ اورآپ پھر الٹی سیدھی چیزیں کھاتے ہیں جس سے وزن بھی بڑھتا ہے۔
2۔ میٹھے کی زیادتی:
ہم میں سے ہرایک کے اوپرایک وقت ایسا ضرورآتا ہے جب ہمیں میٹھے کی شدید طلب ہوتی ہے۔ لیکن یہ کیفیت کبھی کبھار ہوتی ہے، کچھ لوگ ہوتے ہیں جنہیں ہر روز میٹھا کھانے اور بہت زیادہ کھانے کی عادت ہوتی ہے ، یہ عادت ہماری صحت کے لئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سے ذیابیطس کے مرض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ وزن بھی بڑھتا ہے ۔ جن لوگوں کا بلڈ شوگر لیول زیادہ رہتا ہے ایک ریسرچ کے مطابق دماغ چینی کو گلوکوز میں تبدیل کرتا ہے جس کی وجہ سے دماغ میں گلوکوز کی سطح بڑھ جاتی ہے اور اس سے دماغی امراض کا خطرہ بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔ ایسے لوگوں میں یادداشت کی کمزوری بھی زیادہ پائی جاتی ہے۔
3۔ اپنا والٹ اپنی پچھلی پاکٹ میں رکھنا:
مردوں میں اکثر یہ عادت پائی جاتی ہے کہ وہ اپنا پرس یا والٹ اپنی پینٹ کی پچھلی جیب میں رکھتے ہیں، خواتین میں بہت کم ایسا کرتی ہیں۔ اس عادت سے آپ کی کمر کے نچلے حصے پر زور پڑتا ہے اور اکثر کمرکی وہ نسیں دب جاتی ہیں جو کہ آپ کو کمر درد یا ٹانگوں کے درد میں مبتلا کر دیتی ہیں۔ ان نسوں کے دبنے سے کئی طرح کی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔ اس لئے کوشش کریں کہ بیٹھتے ہوئے اپنا والٹ اپنی پاکٹ سے نکال لیں۔
4۔ زیادہ دیر بیٹھے رہنا یا کم حرکت کرنا:
کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک ریسرچ کے مطابق جسمانی مشقت نہ کرنے کی وجہ سے لوگ موت کا شکار بھی ہو سکتے ہیں۔ ایک ہی جگہ، ایک ہی سیٹ پر بیٹھے بیٹھے کام کرنے سے آپ دل کی بیماری ذیابیطس کی بیماری اور کینسر جیسے مرض میں بھی مبتلا ہو سکتے ہیں۔ اس لئے 12 گھنٹے ایک ہی جگہ بیٹھنا آپ کے لئے خطرہ ہے۔
5۔ موبائل فونز کا زائد استعمال:
موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں آپ سوچ بھی نہیں سکتے کہ موبائل کے بغیر گھر سے باہر نکلیں۔ موبائل کے بغیر ایسا لگتا ہے کہ زندگی ادھوری ہے، کچھ لوگ تو اس کے اتنے زیادہ عادی ہوجاتے ہیں کہ ان کے لئے تو کہیں بھی آنا جانا ضروری نہیں رہتا صرف ان کا موبائل ان کے پاس ہو تو وہ خوش رہتے ہیں، لیکن کیا آپ کو یہ بات معلوم ہے کہ اس عادت سے آپ سروائیکل کے مسئلے کا شکار ہو سکتے ہیں، آپ کی گردن کے مہرے کھسک سکتے ہیں اس کے پٹھے پر زیادہ دباؤ سے وہ بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس کے لئے آپ کو سرجری کی نوبت بھی آسکتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ایپلیکشنز کا بہت زیادہ استعمال آپ کو ذہنی تناؤ میں بھی مبتلا کرتا ہے۔
Discover a variety of Health and Fitness articles on our page, including topics like Tandrusti Hazar Nemat Hai and other health issues. Get detailed insights and practical tips for Tandrusti Hazar Nemat Hai to help you on your journey to a healthier life. Our easy-to-read content keeps you informed and empowered as you work towards a better lifestyle.