سرکہ کو اس کی افادیت کی بنا پر صدیوں سے گھروں میں استعمال کیا جارہا ہے۔ کھانا پکانے سے لے کرجسمانی تکالیف سے نجات تک اس کا اثر کسی جادو سے کم نہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے قدرتی اورغیر زہریلا سیب کے سرکے کو بہترین ہوم ریمیڈی کے طور پر استعمال کرتے ہیں، کیونکہ یہ سستا اور محفوظ بھی ہے سیب کا سرکہ صحت کی کئی معاملات میں بے پنا مفید مانا جاتا ہے تاہم کچھ میں یہ فائدہ مند نہیں ہے۔ اس میں کئی انفیکشنز سے لڑنے، زخموں کو بھرنے اورکھانسی سے بچائو کی زبردست صلاحیت پائی جاتی ہے اس کے دیگر فائدے درج ذیل ہیں۔
وزن کم کریں
اس کے ایک یا دو چمچ نیم گرم پانی میں حل کر کے پینے سے وزن میں جلد کمی واقع ہوتی ہے بہ نسبت ان لوگوں کے جو اسے استعمال نہیں کرتے۔ یہ پیٹ کی چربی کو بھی کم کردیتا ہے۔ مگر اس کے ساتھ آپ کو اپنی خوراک سے کیلوریز کو کم کرنے کے ساتھ جسمانی سرگرمیوں کو بڑھانا ہوگا۔
بلڈ شوگر لیول کو توازن میں رکھے
اس کے استعمال سے ذیابیطس کے مریضوں میں کھانے کے بعد بڑھنے والا بلڈ شوگر لیول توازن میں رہتا ہے اور اس سے A1c کی سطح بہتر ہوتی ہے، مستقل بڑھا ہوا بلڈ شوگر لیول امرض قلب، فالج، گردے کی بیماریاں اور بینائی کو نقصان پہنچاتا ہے۔ کھانے کے اوقات میں صرف ایک چمچہ سیب کا سرکہ پانی یا سلاد میں اپنے معالج کے مشورے سے استعمال کرنے سے اس مسئلہ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
جراثیم سے بچائے
اس کی اینٹی سیپٹک خصوصیات کی بنا پریہ کھانوں میں بیکٹیریا کو پیدا ہونے سے روکتا ہے اور سلاد کا ذائقہ بڑھانے کے ساتھ اسے ای کولی، سیلمونیلا اور دوسرے خردبینی بیکٹیریا سے محفوظ رکھتا ہے تاہم یہ ہر طرح کے بیکٹیریا کے لیے کار آمد نہیں ہے۔ اسے زخموں پر لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس شامل ایسڈ جلد پر جلن کا سبب بنے گا۔