خواتین کا کچن سے آپس میں ایک گہرا رشتہ ہے، کیونکہ انکے دن کا آدھے سے زیادہ حصہ وہیں گزر جاتا ہے، اور جب بات ہو کچن کی تو بہت سارے مسئلے دماغ میں گھومنے لگ جاتے ہیں۔ عموماً خواتین ان کے لیئے آسان حل ڈھونڈتی ہیں جس سے انکا کام آسانی سے بھی ہوجائے اور ان کا وقت بھی بچے۔ آج ہم انھی خواتین کے لیئے لائے ہیں کاسٹک سوڈا کے استعمال کی کچھ ایسی ٹپس جس سے باآسانی انکے روزمرہ کے مسئلے حل ہوجائیں گے۔
سنک میں پانی جم جانا
اکثر لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ ہر تھوڑے دن بعد ان کے سِنک میں پانی جمع ہونے لگ جاتا ہے جس سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کا سب سے آسان حل یہ ہے کہ سِنک میں دو چمچ کاسٹک سوڈا کے ٹکڑے ڈال کر اس پر آہستہ آہستہ گرم پانی ڈالتے رہیں اس سے آپکا سِنک کھل جائے گا، کچھ دیر بعد نل کھول کر چیک کریں کہ اب پانی جمع تو نہیں ہورہا۔
جلے ہوئے برتنوں کے داغ
برتنوں کا جل جانا کوئی نئی بات نہیں ہے اکثر اوقات بے دھیانی میں خواتین چولہے پر کھانا رکھ کر بھول جاتی ہیں ایسے میں کھانا تو جلتا ہی ہے ساتھ ہی ساتھ برتن بھی بری طرح متاثر ہوتا ہے پھر اس کا جلا پن اور کالک نکالنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے، زیادہ تر دودھ پتی چائے بناتے وقت پتیلی جل جاتی ہے۔ اسکا آسان حل یہ ہے کہ جلی ہوئی پتیلی میں دو چمچ کاسٹک سوڈا ڈال کر اوپر سے گرم پانی ڈالیں اور آدھے گھنٹے کیلیئے چھوڑ دیں، پھر وہ پانی پھینک کر پتیلی کو دھوئیں ساری کالک نکل جائے گی۔
کچن کے میلے اور چکنے کپڑے
کھانا بناتے وقت سب سے زیادہ گندگی، سالن کے دھبے اور چکنائی کچن کے کپڑوں پر لگتی ہے جو آسانی سے دھونے پر نہیں نکلتی، اس کیلیئے کاسٹک سوڈا کا استعمال بہترین طریقہ ہے۔ ایک بالٹی میں گرم پانی لیکر اس میں دو چمچ کاسٹک سوڈا ڈال کر ان میلے کپڑوں کو اس میں دیڑھ گھنٹے کیلیئے چھوڑ دیں، اسکے بعد اسے نکال کر پہلے سادے پانی سے پھر سرف سے دھولیں۔ فرق آپ خود محسوس کریں گی۔
مزید فوائد
۔ گرم پانی میں کاسٹک سوڈا ڈال کر اس میں برتن دھونے والے اسپنج بھی دھوئے جاسکتے ہیں۔
۔ کالی کڑھائی کو صاف کرنے کیلیئے بھی کاسٹک سوڈا استعمال ہوتا ہے۔
۔ سفید کپڑوں پر جمے پسینے کے پیلے دھبوں کو صاف کرنے کیلیئے گرم پانی میں کاسٹک سوڈا ڈال کر کپڑے کو ایک سے دیڑھ گھنٹہ بھگا کر رکھیں اسکے بعد دھولیں۔