Another Toddler Falls Into Karachi Manhole
کراچی کے صنعتی علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں غفلت نے ایک اور معصوم زندگی چھین لی۔ آٹھ سالہ دلبر، جو گھر کے باہر کھیل کود میں مصروف تھا، کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندان بلکہ پورے شہر کے لیے سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دلبر کھیلتے ہوئے اچانک گٹر میں جا گرا۔ اہلِ محلہ کی مدد سے بچے کے چچا نے گٹر میں اتر کر لاش نکالی، مگر تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ جاں بحق بچے کے والد اظہر علی کا کہنا ہے کہ گٹر کا ڈھکن ایک ماہ سے غائب تھا، جس کی متعدد بار شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
دلبر اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا۔ اس دلخراش سانحے کے بعد گھر میں کہرام مچا ہوا ہے اور والدین صدمے سے نڈھال ہیں۔ اہلِ خانہ نے بتایا کہ علاقے میں کئی گٹر بغیر ڈھکن کے ہیں، جو کسی بھی وقت مزید حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری طور پر گٹر کے ڈھکن لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کے بعد ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللّٰہ مراد متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے اور تعزیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل کے چیئرمین کو دس دن قبل گٹروں کے ڈھکن فراہم کیے جاچکے تھے اور اس سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، رواں ماہ گلشنِ اقبال کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب بھی ایک تین سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوا تھا، جس کی لاش 14 گھنٹے بعد ایک کلومیٹر دور نالے سے ملی تھی۔
دلبر کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد اسے سپردِ خاک کردیا گیا، مگر سوال اب بھی باقی ہے: کیا کراچی میں معصوم جانیں اسی طرح غفلت کی نذر ہوتی رہیں گی؟
Discover a variety of News articles on our page, including topics like Another Toddler Falls Into Karachi Manhole and other health issues. Get detailed insights and practical tips for Another Toddler Falls Into Karachi Manhole to help you on your journey to a healthier life. Our easy-to-read content keeps you informed and empowered as you work towards a better lifestyle.