ٹاٹری آپ کے کچن میں موجود بہت سستا اورعام مصالحہ ہے۔ جو کہ تقریباً ہر گھر میں پایا جاتا ہے۔ خاص کرچاٹ مصالحے کی تو یہ جان ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس ٹاٹری سے آپ کچن کے علاوہ بھی بہت سے ایسے فوائد حاصل کر سکتے ہیں جنہیں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ ٹاٹری جسے سٹرک ایسڈ بھی کہا جاتا ہے، یہ عام طور پرترش پھلوں میں موجود ہوتا ہے جیسا کہ لیموں، کینو، موسمی، انناس وغیرہ یہ بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ اسی کو پاؤڈر یا قلمی شکل میں محفوظ کر کے ٹاٹری کا نام دیا جاتا ہے۔ اسے ساور سالٹ یا لیمن سالٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ کھانوں کو لمبے عرصے تک محفوظ کرنے کے لئے پریزرویٹو کے طور پر بھی سٹرک ایسڈ کا استعمال کیا جاتا ہے
ٹاٹری کے حیرت انگیز فائدے:
ٹاٹری کو کھانوں میں لذت اور حفاظت کے لئے تو استعمال کیا جاتا ہے اس کے علاوہ بھی اس کے کئی مختلف النوع فوائد ہیں آپ اسے کس کس چیز میں استعمال کر سکتے ہیں آئیے یہ جانتے ہیں۔
1۔ اینٹی ایجنگ فیس ماسک:
سٹرک ایسڈ آپ کی جلد کے لئے بہت فائدہ مند ہے خاص کر آپ کی جلد کو تروتازہ رکھنے اوراس کی جھریاں ختم کرنے میں بہت معاون ہے۔ یہ بازار کی مہنگی مہنگی کریموں میں موجود ہوتا ہے خصوصاً اینٹی ایجنگ فیس ماسک اور اینٹی ایجنگ کریموں میں اس کو لازمی طور پر ڈالا جاتا ہے۔ یہ چہرے کے تمام مسائل کو بڑی آسانی سے حل کردیتا ہے۔ اسی لئے اس کو گھر میں کیسے استعمال کرنا ہے ہم یہ آپ کو بتاتے ہیں۔
فیس ماسک:
ٹاٹری پاوڈر ایک چوتھائی چمچ
دہی ایک چوتھائی کپ
شہد ایک چائے کا چمچ
وٹامن ای کیپسول ایک عدد۔
ان سب چیزوں کا مکسچر بنالیں اور یک جان کرلیں، اب اسے چہرے پر لگا کر اس کو خشک ہونے دیں ۔ جب سوکھ جائے توتازہ یا ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔ یہ آپ کے چہرے کوگلاب کے پھول کی طرح تروتازہ کردے گا۔ اور باقاعدہ استعمال سے جھریوں کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔ اور آپ کا بجٹ بھی متاثر نہیں ہوگا۔
2۔ لیکوئیڈ آل پرپز کلینر:
اکثر گھروں میں ہم نے دیکھا ہے کہ صفائی ستھرائی کے شوقین لوگ اپنے گھر کو چمکتا دمکتا رکھنے کے لئے طرح طرح کے کلینرز کا استعمال کرتے ہیں اور بازار میں ہر چیز کی صفائی کے لیے علیحدہ علیحدہ کلینرز ملتے ہیں کوئی ایسا کلینرنہیں ملتا کہ جو ہر طرح اور ہر جگہ کی صفائی میں ایک ہی کلینر استعمال ہوجائے ۔ لیکن تاٹری کے استعمال سے یہاں ہم ایسا ہی زبردست کلینر بنائیں گے جو کہ ہرچیز کی صفائی میں کام آئے گا۔
لیکوئیڈ سوپ 2 کھانے کے چمچ
پانی دو کپ
ٹاٹری ایک چائے کا چمچ
ایسنشئیل آئل چند قطرے(خوشبو کے لئے)
اسپرے بوتل 1 عدد
ایک کپ پانی میں لیکوئیڈ سوپ شامل کر کے اس کو خوب اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب ایک کپ گرم پانی میں ٹاٹری مکس کریں اور اس کو بالکل حل کر لیں اور پھراس لیکوئیڈ سوپ والے پانی میں شامل کرلیں ۔ اب اس میں کوئی بھی ایسنشئیل آئل یا ٹی ٹری آئل کے چند قطرے شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں، اور اس پورے مکسچر کو کسی اسپرے بوتل میں بھر کر رکھ لیں ۔ لیجیے آپ کا شاندار آل پرپز کلینر تیار ہے۔ جو ایسی بہترین صفائی کرے گا کہ جو دیکھے گا دنگ رہ جائے گا۔
3۔ ماؤتھ واش:
ٹاٹری سے آپ بہترین قسم کا ماؤتھ واش بھی تیار کر سکتے ہیں۔ جس کے نتائج کسی بھی اچھے اور مہنگے ماؤتھ واش سے کم نہ ہوں گے۔ اس کے لئے ایک چٹکی ٹاٹری کو ایک کپ نیم گرم پانی میں حل کر کے اس سے غرارے کریں ، کلیاں کریں۔ یہ بہت مفید ہے اس سے منہ کے بیکٹیریا ختم ہوتے ہیں ، بدبو ختم ہوتی ہے ، ذائقے کی حس بڑھتی ہے اورکھانے کی رغبت پیدا ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ نظامِ ہضم کو بھی بہتر بنا دیتا ہے۔
4۔ پیروں کی بدبو سے پریشان:
جن لوگوں کے پیروں سے بدبو آتی ہے ان سے زیادہ ان کے آس پاس کے لوگ پریشان ہوتے ہیں۔ ایسے میں اگرایک چھوٹے ٹب میں نیم گرم پانی بھرکراس میں ٹاٹری اور اس کا ہم وزن میٹھا سوڈا لے کر اس پانی میں ڈال کر اس میں پاؤں 15 منٹ ڈبو کر رکھیں(زیادہ دیر بھی ڈبو سکتے ہیں) تو یہ پانی ان بیکٹیریاز کو ختم کرتا ہے جو کہ پاؤں کی بدبو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ ناخنوں کی فنگس کی وجہ سے جن لوگوں کے ناخن خراب ہوجاتے ہیں یا جن کے ناخنوں میں درد رہتا ہے یہ اس کا بھی بہترین حل ہے۔ یہ طریقہ دن میں دو مرتبہ چند دن باقاعدگی سے استعمال کریں ،پیروں کی بدبو اور ناخنوں کی فنگس دور ہوجائے گی۔
5۔ لیموں ختم ہوگئے ہیں تو کوئی بات نہیں:
ہمارے ہاں کوئی بھی تہوار ہو لیموں ، ٹماٹر اور پیاز فوری طور پر یا تو بہت زیادہ مہنگے ہوجاتے ہیں یا پھر بازار سےغائب کردئیے جاتے ہیں۔ اسی طرح اگرکسی وقت گھر میں یا بازار میں لیموں نہ ملیں یا گھر میں کوئی لانے والا نہ ہو تو اس کا حل بھی موجود ہے، ذرا سے پانی میں ایک چٹکی ٹاٹری گھول لیں، اب یہ لیموں کی جگہ آپ کے کام آئے گی، یہ کھانوں کا ذائقہ بھی بڑھاتی ہے اورصحت کے لئے بھی مفید ہے۔ لیکن یاد رکھیں کہ اس کا بہت زیادہ استعمال بھی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
Discover a variety of Tips and Totkay articles on our page, including topics like Tatri Benefits In Urdu and other health issues. Get detailed insights and practical tips for Tatri Benefits In Urdu to help you on your journey to a healthier life. Our easy-to-read content keeps you informed and empowered as you work towards a better lifestyle.