مٹی کے برتن صدیوں سے انسان کے استعمال میں ہیں اور ہماری دادیاں نانیاں بھی انھیں خوب استعمال کرتی تھیں لیکن رفتہ رفتہ یہ سلسلہ معدوم ہوتا گیا اور مٹی کے برتوں کے بجائے پلاسٹک اور شیشے کے برتن آگئے۔ لوگ یہ تو جانتے ہیں کہ مٹی کے برتن فائدہ مند ہیں لیکن تفصیلی طور پر ان کے فوائد سے کم ہی لوگ واقف ہیں۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ یہ مٹی کے برتن آپ کی صحت پر کتنا مثبت اثر ڈالتے ہیں۔

گلے کی تکلیف میں مفید
فریج کا پانی غیر فطری طور پر ٹھنڈا ہوتا ہے جس کی وجہ سے گلے میں خراش پڑ جاتی ہے اور گلا درد کرنے لگتا ہے۔ اس کے مقابلے میں مٹی کے گھڑے میں پانی رکھا جائے تو پانی قدرتی طور پر ٹھنڈا بھی رہتا ہے اور گلے کو نقصان بھی نہیں کرتا۔ اگر پہلے سے تکلیف ہو تو بھی سادہ پانی پینے سے گلے کو آرام ملتا ہے اور درد جاتا رہتا ہے۔
ہاضمے کے لئے بہترین
مٹی کا گھڑا اور پیالہ کیمیکلز سے پاک ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ نضام ہاضمہ کسی دقت کے بغیر کام کرتا ہے اور کھانا جلدی ہضم ہوتا ہے۔ مٹی کے برتنوں میں پانی پینے سے قبض کی تکلیف سے آرام ملتا ہے۔
الکلائن کی موجودگی
مٹی میں الکلائن موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس سے بنے برتنوں میں بھی اس کی مقدار پائی جاتی ہے۔ الکلائن جسم کا پی ایچ بیلنس برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
سستے ہوتے ہیں
مہنگائی کے اس دور میں کوئی مانے یا نہیں لیکن ہم سب زندگی گزارنے کے ایسے طریقے ڈھونڈتے ہیں جو صحت بخش ہونے کے ساتھ سستے بھی ہوں۔ مٹی کے برتن شیشے کے مہنگے ترین برتنوں کے مقابلے میں بہت سستے ہوتے ہیں اس لئے ان کے ٹوٹ جانے کا ڈر نہیں ہوتا۔ کم سے کم گھروں کے روزمرہ استعمال کے لئے مٹی کے برتن لانا ہر گز برا سودا نہیں۔