زیادہ چٹپٹا یا مصالحے والا کھانا کھانے سے تیزابیت ہوجاتی ہے۔ یہ کیفیت اس وقت ہوتی ہے جب کھانا ہضم کرنے والے سیال معدے سے غذائی نالی تک آجاتے ہیں۔ یہ سیال اتنے تیز ہوتے ہیں کہ ان سے معدے میں درد اور جلن کی دیر پا شکایت ہوسکتی ہے۔ آج ہم آپ کو کچھ ایسی عام غذائیں بتائیں گے جو آپ کو وقتی فائدے کے ساتھ اس مسئلے سے ہمیشہ کے لئے بھی محفوظ رکھ سکتی ہیں۔
سونف
سونف کو عام طور پر کھانے کے بعد چٹکی بھر کھایا جاتا ہے لیکن بہت کم لوگ اس روایت کی وجہ جانتے ہیں۔ دراصل سونف کی تاثیر ٹھنڈی ہے۔ یہ کھانے کے بعد چٹکی بھر کھانے سے مصالحے سے ہونے والی جلن سے نجات دیتا ہے۔ اگر سونف کا قہوہ بنا کر پیا جائے تو یہ بھی معدے کو سکون بخشتا ہے۔
ناریل کا پانی
ناریل کا پانی پینے سے بھی تیزابیت کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ خاص طور پر گرمیوں میں اس کو پینے سے معدے کے علاوہ بھی جسم کو ٹھنڈک پہنچتی ہے۔ ناریل پانی کو عام پانی میں ملا کر بھی پیا جاسکتا ہے۔
سیب کا سرکہ
اگر کوئی تیز مصالحے والا کھانا کھانے لگے ہیں تو کوشش کریں کہ ایک چمچ سرکہ ایک گلاس پانی میں ملا کر پی لیں۔ یہ عمل کھانے سے پہلے کریں
ہلدی
ہلدی اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات رکھنے والا مصالحہ ہے۔ کھانے میں اس کی شمولیت یا پھر ہلدی والا دودھ پینے سے بھی لوگ عام طور پر تیزابیت کا شکار نہیں ہوتے البتہ اس کی مقدار کم ہی رکھیں۔
کیلا
خوش ذائقہ اور میٹھا پھل بھی تیزابیت کے خلاف موثر ہے۔ صرف ایک کیلا کھانے سے ہی اچھے نتائج سامنے آسکتے ہیں