افطار میں کچھ لوگ لیموں پانی پینا پسند کرتے ہیں جبکہ چٹپٹے کھانے جیسے کہ چاٹ وغیرہ تو لیموں کے بغیر مکمل ہی نہیں ہوتی۔ ایسے میں لیموں کی قیمتوں کا بڑھ جانا معمول کی بات ہے البتہ ابھی شروع کے روزے ہیں تو پھر بھی لیموں خریدے جاسکتے ہیں۔ آج ہم آپ کو لیموؤں کو پورے مہینے کے لئے محفوظ کرنے کے چند آسان ٹپس بتائیں گے جن سے آپ کے پیسوں اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔
پہلا طریقہ
لیموؤں کو کاٹ لیں اور نچوڑ کر سارا رس الگ کرلیں۔ اس رس میں ایک چمچ چینی اور ایک ہی چمچ نمک ڈال کر ملا لیں۔ اب اس رس کو آئس کیوب والی ٹرے میں ڈال کر کیوبز جما لیں۔ ایک گلاس لیموں بنانے کے لئے ایک برف کا ٹکڑا کافی ہوگا۔ جبکہ نمک اور چینی اس کو خراب ہونے سے بچائیں گے۔
دوسرا طریقہ
ثابت لیموں محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے ایسے لیموں خریدیں جو قدرے سخت ہوں۔ اب ایک برنی میں نمک کی تہہ ڈالیں اور ہلکے سے کسی بھی تیل کی تہہ لیموؤں پر لگا کر لیموں اس میں بھر دیں۔ اور اب نمک کو اوپر سے ڈال کر ڈھکن بند کردیں۔ آپ حیران رہ جائیں گی کہ آپ کے لیموں لمبے عرصے تک خراب نہیں ہوئے۔