اگر آپ کھانے میں گھی کا استعمال کرتے ہیں تو آپ کو یہ جان کر خوشی ہو گی کہ گھی کا استعمال آپ کی صحت کے ساتھ ساتھ آپ کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے بھی بے حد مفید ہے آج ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں گھی استعمال کرنے کے کچھ ایسے فوائد جنہیں جاننے کے بعد آپ بھی اسے استعمال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
• ڈرائی اسکن
اگر آپ کو سال بھر خشک جِلد کا سامنا رہتا ہے تو گھی اس سے نجات دلانے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے، آپ کو بس گھی کے چند قطرے ہاتھوں میں لے کر کچھ منٹ کے لئے چہرے کا مساج کرنا ہے یا ہاتھ پاؤں کا مساج بھی کیا جا سکتا ہے، اس سے نہ صرف جلد کی خشکی دور ہوگی بلکہ یہ نرم و ملائم اور خوبصورت بھی ہو جائے گی۔
• جھریوں کا خاتمہ
اگر آپ کو لگتا ہے کہ گھی صرف آپ کے پکوان کا ذائقہ بڑھا سکتا ہے تو آپ یہ بھی جان لیں کہ اس کے استعمال سے چہرے پر موجود جھریاں دور کر کے ہزاروں روپے کے بیوٹی پراڈکٹس سے جان چھڑائی جا سکتی ہے، جی ہاں! اگر آپ روزانہ گھی سے چہرے کا مساج کریں اور آنکھوں کے اردگرد اگر زیادہ جھریاں ہوں تو اس کا استعمال آپ کی بڑھتی عمر کے اثرات کو گھٹا کر جلد کو جوان بنا سکتا ہے اور جھریوں کا خاتمہ بھی کر سکتا ہے۔
• نہانے کے بعد گھی کا استعمال
اگر آپ نہانے کے بعد آئل سے جسم کا مساج کرنا پسند کرتے ہیں تو 5 چمچ گھی لیں اور اس میں چند قطرے اسینشئل آئل شامل کر کے اس سے نہانے کے بعد جسم کا مساج کریں اور پھر دیکھیں اس کا کمال۔
• سیاہ ہلکوں کو دور کرنے کے لئے مفید
اگر آپ کی آنکھوں کے گرد سیاہ ہلکے ہیں اور آپ ان سے نجات چاہتے ہیں تو روزانہ رات کو آنکھوں کے گرد گھی سے مساج کریں اس سے آنکھوں کے گرد موجود یہ سیاہ ہلکے دور ہو جائیں گے اور آنکھیں پہلے سے زیادہ روشن اور چمکدار ہو جائیں گی۔
ہونٹوں کو نرم و ملائم بنائے
اکثر لوگوں کے ہر موسم میں ہی ہونٹ خشک رہتے ہیں اور پھٹنے لگتے ہیں اگر روزانہ دن مین 2 سے 3 مرتبہ گھی ہونٹوں پر لگایا جائے تو اس سے آپ کے ہونٹ گلابی، نرم و ملائم اور خوبصورت ہو جائیں گے۔