اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بچہ جو چیز شوق سے کھاتا ہے اچانک اسے کھانا چھوڑ دیتا ہے۔ والدین جو بچے کی صحت اور نشونما کے لئے فکر مند رہتے ہیں بچوں کی اس بدلتی ہوئی روش سے پریشان ہوجاتے ہیں۔ بچوں کا اچانک اپنی پسندیدہ غذا چھوڑنے کی ایک بڑی وجہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی حسِ ذائقہ میں تبدیلی آنا ہے۔ نیچے ہم آپ کو بتائیں گے کچھ ایسے سادہ طریقے جن سے آپ بچے کو اس کی من پسند غذا ،صحت بخش اجزاء کے ساتھ دے سکیں گی۔
1- ذائقے میں بچے کی پسند کو ہی مدِنظر رکھیں
آپ بچے کو کتنی بھی صحت بخش غذا کھلانا چاہیں وہ اس وقت تک نہیں کھائیں گے جب تک وہ ان کو مزیدار نہیں لگے گا اس لئے الگ سے صحت بخش کھانا دینے کے بجائے بچوں کے پسند کے کھانوں میں سبزیاں اور گوشت کے ٹکڑے ملائیں تاکہ وہ شوق سے کھاسکیں۔
2- بچوں کو ان کا کھانا خود پسند کرنے دیں
اگر آپ کا بچہ کوئی سبزی یا پھل خود اٹھاتا ہے تو اسے اٹھانے دیں۔ بچے ان چیزوں کو زیادہ شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں جو انھوں نے اپنی مرضی سے اٹھائی ہو۔
3- روز ایک طرح کا کھانا نہیں پکائیں
بچوں کو روز مختلف کھانے پکا کر دیں کیونکہ اگر انھیں روز روز ایک ہی چیز دی جائے گی تو بھلے وہ خوراک بچوں کو کتنی ہی کیوں نہ پسند ہو وہ اسے چڑنے لگیں گے۔ کھانے کے معاملے میں یکسانیت سے بچیں۔
4- بچوں کو خوش شکل کھانا دیں
سادہ کھانا یا پھل، سبزی دینے کے بجائے کوشش کریں کہ ان میں کوئی خوبصورتی یا انوکھا پن پیدا ہو جیسے سینڈوچ بناتے ہوئے کسی ساس یا کیچپ سے اسمائلی فیس بنادیں۔ خوش شکل ، رنگ برنگا کھانا بچوں کو کھانے کی جانب متوجہ کرنے کا ایک کامیاب طریقہ ہے۔
5- کھانا پکانے کے عمل میں بچوں کو ساتھ ملائیں
کھانا پکاتے ہوئے بچوں کو اپنے ساتھ شامل کرنا ایک بہترین خیال ہے۔ پکانے کے دوران بچوں سے پوچھتی جائیں کہ وہ کون کون سی سبزی اس ڈش میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ بچے نہ صرف آپ کی بات کا خوشی خوشی جواب دیں گے بلکہ بعد میں وہ اپنی مرضی کی چیز شوق سے کھانا بھی چاہیں گے۔
6- بچوں کے ساتھ کھانا کھائیں
صرف بچوں کو اکیلے کھانے کو نہ کہیں بلکہ خود بھی ان کے ساتھ شریک ہوں اس سے ایک تو آپ کو پتہ رہے گا کہ بچہ صحیح طرح کھا رہا ہے یا نہیں اور دوسرا اس طرح آپ بچے کو باتوں میں مشغول کرکے کھانے کا شوق پیدا کرسکتے ہیں۔
7- جو اپنی پلیٹ سے کھانا ختم کرے گا اسے انعام ملے گا
پلیٹ میں کھانا چھوڑنا یوں بھی اچھی عادت نہیں ہے۔ اگر بچوں کو یہ کہا جائے کہ کھانا ختم کرنے پر انھیں کوئی چھوٹا سا تحفہ جیسے ٹافی یا چاکلیٹ ملے گی تو اس سے بھی ان میں کھانے کی تحریک پیدا ہوگی البتہ اس بات کا دھیان رکھیں کہ بچہ صرف تحفے کے شوق میں بھوک سے زیادہ کھانا کھانے پر مجبور نہ ہوجائے کیونکہ اس سے بچے کا ہاضمہ خراب ہوسکتا ہے۔
Discover a variety of Health and Fitness articles on our page, including topics like Bacha Khane Mein Tang Karta Hai and other health issues. Get detailed insights and practical tips for Bacha Khane Mein Tang Karta Hai to help you on your journey to a healthier life. Our easy-to-read content keeps you informed and empowered as you work towards a better lifestyle.