پاکستانی ڈرامہ تیرے بن اس وقت ٹاپ ٹرینڈ پر ہے جس میں مرکزی کردار وہاج اور ینمیٰ زیدی نے کیا ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی جہاں صارفین کو خوب پسند آئی وہیں اس میں دکھائے جانے والے مناظر پر صارفین تنقید کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ کیسا ڈرامہ ہے جس میں ہر چیز بھارت کی کاپی کی ہے اس میں انہوں نے کیا نیا دکھایا ہے؟
اس ڈرامے کی کہانی پر بھی کچھ لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کیونکہ ہمارے معاشرے میں بیٹی کو رحمت سمجھا جاتا ہے مگر اسے زحمت اطراف کے لوگ یا چھوٹی سوچ کے حامل افراد بناتے ہیں اور یہاں جب بیٹی کی پیدائش پر پیچیدگیوں کی وجہ سے ماں کا انتقال ہوگیا تو والد نے اپنی ہی سگی بیٹی کو پالنے سے انکار کردیا اور اس بچی کا مستقبل سوچے بغیر اسے خاندانی دوست کو پالنے کے لیے دے دی جو ان کے خاندان سے مختلف روایات کا گھرانہ ہے۔
بچی ساری زندگی جس تعلیم و تربیتی ماحول میں رہی اچانک اس کے حقیقی خاندان والوں کو یاد آگیا کہ وہ بچی ہماری ہے اور اب اس کی پکڑ کر شادی کروائی جا رہی ہے یہ کونسا انصاف ہے۔ جس میں وہ لڑکی اپنی پسند سے پڑھنا لکھنا چاہتی ہے اور وکیل بننا چاہتی ہے لیکن اسے اٹھا کر اچانک واپس خاندان والوں کے حوالے کردیا اور ایک دیوداس والی کہانی کی ابتداء ہوگئی جبکہ مرتسم کو اس کی کزن پسند کرتی ہے لیکن میرب سے اس کا رشتہ بچپن میں طے کر دیا گیا تھا۔
یہ چیز بھی دیکھنے میں آئی کہ ڈرامہ تیرے بن کے کئی سین سال 2011 سے 2018 کے درمیان مشہور ہونے والے بھارتی ڈرامے "اس پیار کو میں کیا نام دوں" کے کلپس سے ملتے جلتے ہیں ۔ جبکہ یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ تیرے بن کا گانا سال 2017 میں آنے والی بالی ووڈ فلم "شادی میں ضرور آنا" کے گانے "میرا انتقام دیکھے گی" کی کاپی ہے۔ جبکہ اس ڈرامے کا گانا صابر ظفر نے لکھا اور اس کی موسیقی شانی ارشد نے کی۔ سراج الحق اس کے ہدایت کار ہیں۔