ہر لڑکی یہ چاہتی ہے کہ وہ حسین سے حسین تر نظر آئے۔ اس کے لئے وہ دن رات کوششیں بھی کرتی ہے، حسین نظر آنے کے ساتھ ساتھ یہ کوشش بھی ہوتی ہے کہ ان کے ہاتھ پیر بھی خوبصورت دکھائی دیں اور خاص کر لمبے اور مضبوط ناخن۔ لیکن گھر کے کاموں میں اور خصوصاً برتنوں کی دھلائی وہ مشکل کام ہے جس میں ہاتھوں کا ستیا ناس ہوجاتا ہے۔ اور برتن دھونے سے ناخن تو بہت زیادہ ٹوٹتے ہیں۔ ایسے میں یا تو دستانے استعمال کئے جائیں یا پھر ہاتھوں کا اتنا خیال رکھا جائے کہ وہ خوبصورت نظر آتے رہیں، ٹوٹے پھوٹے،کٹے پھٹے ناخن دیکھنے میں بھی برے لگتے ہیں اور ویسے بھی تکلیف دہ ہوتے ہیں یہ آپ کی شخصیت کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔ ناخنوں کو کیسے مضبوط بنایا جائے یا ہاتھوں کی حفاظت کیسے کی جائے یہ ہم چھوٹی چھوٹی ٹپس سے سیکھیں گے۔
پانی کا استعمال
اپنی جلد، اپنے جسم، اور اپنے ہاتھ پیروں کو دلکش اور حسین بنانے کے لئے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ پانی زیادہ پئیں اوراپنے جسم کو تروتازہ رکھیں۔ پانی کی کمی سے جلد کی نمی ختم ہو جاتی ہے اور جھریاں پڑنے لگتی ہیں۔ اور ناخن بھی کمزور ہو جاتے ہیں۔
لیموں
ایک لیموں کا رس نکال کر اس میں ناخن ڈبو کر بیٹھیں، 15 سے 20 منٹ یہ عمل کریں یا پھر لیموں کاٹ کر اپنے ہاتھوں اور ناخنوں پر ملیں اسکے بعداسے نیم گرم پانی سے دھو لیں اور اوپر سے کوئی اچھی کریم یا لوشن لگالیں۔
سرسوں کا تیل
اپنے ہاتھ دھوکر ان پر نیم گرم سرسوں کے تیل سے مالش کریں دس منٹ تک مالش کریں ناخنوں پر بھی اچھی طرح ملتی رہیں. اس سے دوران خون بڑھے گا اور ناخن مضبوط ہوں گے ۔
زیتون کا تیل
اپنے ناخنوں کو 15 سے 20 منٹ تک زیتوں کے تیل میں ڈبو کر رکھیں اور اندر ہی ناخن رکھتے ہوئے مالش کرتی رہیں۔اس سے ناخن گلابی بھی ہوں گے اور ان میں مضبوطی بھی آئے گی۔ یہ عمل ہفتے میں تین دفعہ دہرائیں۔
بادام کا تیل
بادام کا تیل حسن کے نکھار کے لئے بہت اہم ہے۔ زیادہ تر بیوٹی پروڈکٹس میں یہ استعمال ہوتا ہے۔روغن بادام اور دودھ کی مالش کرنے سے ناخنوں میں چمک آتی ہے وہ صحت مند اور مضبوط ہوتے ہیں۔ یہ بھی ہفتے میں 3 دفعہ لگانا کافی ہوتا ہے۔
ناریل کا تیل
ناریل کا تیل بھی انسانی جسم کے لئے بہترین ہے اس کو کھانے میں استعمال کرنا بھی بہت مفید ہے اور لگانا بھی فائدے مند ہے۔ یہ ناخنوں کا پیلا پن دور کرکے ان کو گلابی بناتا ہے۔ ناریل کے تیل سے ہاتھوں اور ناخنوں پر مالش کے بعد اس کو کسی روئی یا نرم کپڑے سے صاف کرلیں پھر اس پر لیموں کا چھلکا رگڑ لیں۔ اس سے ہاتھ اور ناخن خوبصورت اور مضبوط ہو ں گے۔ ہفتے میں دو سے تین دفعہ یہ عمل کرنا کافی ہے۔
پٹرولیم جیلی
پٹرولیم جیلی بھی ناخنوں کی چمک اور مضبوطی کے لئے بہت عمدہ ہے۔ اس کا ناخنوں پر نرمی سے مساج ناخنوں کو چمکدار اوردلکش بناتا ہے،ناخنوں اور ہاتھوں کے کھردرے پن کو ختم کر کے ان کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ایک ٹیبل اسپون پائن ایپل جوس، ایک چائے کا چمچ انڈے کی زردی، ایک چائے کا چمچ سرکہ لے لیں ان سب کو ملا لیں، اس کے بعد اس سے ناخنوں اور ہاتھوں کا مساج کریں اور پھر آدھا گھنٹہ لگا رہنے دیں۔ اس سے ناخنوں کو پروٹین، کیلشیم، وٹامن سی ملے گا اور ان کی نشوونما تیزی سے ہو گی ۔یہ ساری ٹپس پیروں کے لئے بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔
2 کھانے کے چمچ سمندری نمک ،ایک لیموں کا رس ملا کر ایک بالٹی یا ٹب میں ڈال دیں اب اس میں نیم گرم پانی ڈالیں اور اس میں پاتھ پیروں اور ناخنوں کو ڈبو لیں، 15 منٹ پانی میں ہاتھ پیر ڈبوئیں۔اب ہاتھ پیر باہر نکال کر کسی کپڑے سے خشک کرلیں اور کوئی اچھا موئسچرائزر لگالیں. ہفتے میں دو بار یہ عمل دہرانے سے آپ کے ناخن نہ صرف صحت مند رہیں گے بلکہ یہ ٹوٹ پھوٹ سے بھی محفوظ رہیں گے۔
Discover a variety of Tips and Totkay articles on our page, including topics like Barhe Huye Nakhun Ka Ilaj and other health issues. Get detailed insights and practical tips for Barhe Huye Nakhun Ka Ilaj to help you on your journey to a healthier life. Our easy-to-read content keeps you informed and empowered as you work towards a better lifestyle.