بےبی پاؤڈر کا نام سنتے ہی ہم اپنے بچپن میں چلے جاتے ہیں جب ہماری مائیں ہمیں نہلا دھلا کر ڈھیر سارا پاؤڈر لگادیتی تھیں۔ اس پاؤڈر کی ایک مخصوص خوشبو ہمیں نہ چاہتے ہوئے بھی ہمارا بچپن یاد کروا ہی دیتی ہے کہ جب ہماری تیاری پر آخری مہر اسی وقت لگتی تھی جب گردن کے گرد پاؤڈر کا بے بہا چھڑکاؤ ہوجاتا تھا۔ آج کے جدید دور میں اس پاؤڈر کے کئی متبادل آگئے ہیں۔ کولون اور پرفیومز کی وجہ سے پاؤڈر کا استعمال اب کم ہوگیا ہے لیکن ختم نہیں۔ ہم آج اسی پاؤڈر کے ایسے استعمال بھی بتائیں گے جو نہایت مفید ہیں تاکہ آپ اپنے بچپن کی سنہری یاد کو ہمیشہ ساتھ رکھیں۔
تیل جیسے داغ دھبوں کو دور کرنے کے لیے
اگر آپ کے کپڑوں پر تیل یا کسی بھی چکنائی کا داغ لگ جائے تو آپ اس داغ پر بےبی پاؤڈر لگائیں اور تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں۔ کچھ دیر بعد یہی عمل دہرائیں تاکہ پاؤڈر مکمل طور پر چکنائی کو جذب کر لے اور داغ صاف ہو جائے۔
اپنی کتابوں کو نمی سے بچائیں
مون سون کے موسم میں ہر چیز میں نمی سی آجاتی ہے خاص طور پر کتابوں میں۔ چونکہ نمی سے کتابوں میں فنگس لگ جاتا ہے اسلئے کتب بینی کا شوق رکھنے والے اس سے بچاؤ کے لیے ہزار جتن کرتے ہیں۔ وہ تمام لوگ یہ جان کر حیران ہونگے کہ کتابوں کو فنگس سے بچانے کے لیے یہی پاؤڈر کام آتا ہے۔ سب سے پہلے آپ ان صفحات پر چھڑکاؤ کریں جہاں فنگس لگا ہو اور پھر دھوپ میں کچھ وقت کے لیے سوکھنے رکھ دیں۔ آپ یقیناً بےبی پاؤڈر کا کمال دیکھ کر حیرت میں آجائیں گے۔
چیونٹیوں سے نجات کے لیے
اگر آپ چیونٹیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں سے تنگ ہیں جو ہر ممکن کوشش کرنے کے باوجود بھی آجاتے ہیں تو پھر آپ اپنے گھر کی ہر کھڑکی اور دروازے کے پاس بےبی پاؤڈر کا چھڑکاؤ کردیں۔ کیونکہ چیونٹیاں اور کیڑے مکوڑے پاوڈر پر چل نہیں سکتے اس لیے وہ دوبارہ اس جگہ کا رخ نہیں کریں گے۔
پاؤں سے بدبو دور کریں
اکثر لوگوں کو پیروں میں مستقل جوتے پہنے رکھنے سے بدبو کی شکایت ہوجاتی ہے۔ لیکن اگر آپ جوتے پہننے سے پہلے ان میں بےبی پاؤڈر کا چھڑکاؤ کریں تو اس بدبو میں کافی حد تک کمی آجائے گی۔
خوبصورت بالوں کا راز
اگر آپ کو جلدی میں کہیں پہنچنا ہے لیکن بالوں کو دھونے اور سکھانے کا ٹائم نہیں ہے تو آپ بالوں کی جڑوں میں بےبی پاؤڈر کا چھڑکاؤ کریں اور کنگھی سے بالوں کو سلجھائیں۔ کوشش کریں کہ سارا پاؤڈر سر سے نکل جائے ۔ یاد رہے کہ گھر آتے ہی بالوں کو دھولیں۔
ویکسنگ کے استعمال
ویکسنگ کروانے کے بعد اکثر جگہوں پر بال رہ جاتے ہیں۔ لیکن اگر آپ ویکسنگ کروانے سے پہلے بےبی پاؤڈر لگا لیں تو یہی پاؤڈر آپ کی جلد پر ہر ایک بال کو ویکسنگ کرنے کے لیے آسانی فراہم کرے گا۔ بےبی پاؤڈر گرم ویکس کو اچھے سے پھیلانے کے لیے بھی کام آتا ہے اور اسی طرح آپ ویکسنگ کے بعد بھی جلد کو نرم رکھنے کے لیے پاوڈر کا استعمال کر سکتے ہیں۔
کیا آپ نے بھی بےبی پاوڈر کو ایسے انوکھے طریقے سے استعمال کیا ہے؟ ہمیں کمنٹ میں بتائیں۔
Discover a variety of Tips and Totkay articles on our page, including topics like Baby Powder Ke Fayde and other health issues. Get detailed insights and practical tips for Baby Powder Ke Fayde to help you on your journey to a healthier life. Our easy-to-read content keeps you informed and empowered as you work towards a better lifestyle.