بادام دماغ کو تیز کرنے کے لئے تو ضرور استعمال کرتے ہوں گے اور اپنے بچوں کو بھی کھلاتے ہوں گے۔ لیکن صرف دماغ کی تیزی میں ہی بادام مفید نہیں بلکہ اس کے کئی ایک ایسے فوائد بھی ہیں جو آپ کو شاید معلوم ہی نہ ہوں۔
اور بات اگر بادام کے مکھن کی ہو تو بہت کم ہی لوگ ایسے ہیں جو بادام کے مکھن کو استعمال کرتے ہیں کیونکہ ہمیں اس کی افادیت کے بارے میں پتہ ہی نہیں ہے۔
ماہرینِ طب کے مطابق:
'' بادام میں کاپر، آئرن اور وٹامن بی 1 پایا جاتا ہے جو نہ صرف دماغ کو تقویت پہچاتا ہے بلکہ آپ کے دل اور شریانوں کی مضبوطی اور دھڑکنوں کو کنٹرول میں رکھنے کا اہم ذریعہ ہے۔''
بادام چھیل کر کھانے یا چھلکے سمیت کھانے سے زیادہ بادام کے مکھن کی افادیت ہے کیونکہ اس میں بادام، دودھ اور مکھن کا مرکب ہوتا ہے جو آپ کی صحت اور خوبصورتی کو بڑھانے میں نہایت اہم ہے۔
جانیں بادام کے مکھن کے ایسے فوائد جو پہلے کبھی آپ کو کسی نے نہیں بتائے ہوں گے:
فوائد:
• دل کی صحت:
بادام کا مکھن وٹامن ای ، میگنیشیم ، تانبا ، وٹامن بی 2 (رائبوفلاوین) ، فاسفورس، چربی، پروٹین اور فائبر کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے جو دل کی صحت کے لئے نہایت ضروری ہے۔آپ دل کی بیماریوں اور ہارٹ اٹیک جیسے امراض سے بچنا چاہتے ہیں یا انھیں کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو بادام کا مکھن روزانہ استعمال کرنا شروع کردیں۔
قلبی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ:
'' میگنیشیم کی کمی دل کے دورے کی ایک اہم وجہ ہے۔ اس مکھن میں معدنی پوٹاشیم اور الیکٹرولائٹ پائے جاتے ہیں جو قلبی امراض سے نمٹنے کے لئے موئثر ہے۔
• بلڈ پریشر:
بادام کا مکھن عصبی ٹرانسمیشن اور پٹھوں کو سکون دینے کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر کا توازن برقرار رکھتا ہے۔
• کولیسٹرول:
یہ مکھن جسم کو وٹامن ای اور فائدہ مند اینٹی آکسیڈینٹس مہیا کرتا ہے جو غیر ضروری اور نقصان دہ چربی کو جسم سے خارج ہونے میں مدد دیتا ہے اور یوں کولیسٹرول کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔
• شریانوں کے لئے:
بادام کا مکھن میگنیشیم سے بھرپور ہے جو رگوں اور شریانوں کو آرام دیتا ہے خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے اور پورے جسم میں آکسیجن اور غذائی اجزاء کی گردش کو بہتر بناتا ہے۔
• وزن میں کمی:
اس میں صفر کاربوہائیڈریٹ اور مناسب کیلوریز پائی جاتی ہیں جس سے وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
• ہڈیوں کے لئے:
بادام کا مکھن جسم میں پروٹین کے پاور ہاؤس کے طور پر کام کرتا ہے جو آپ کی ہڈیوں کو اوسٹیوپروسس کے عمل سے بچانے کی مدد کرتا ہے۔
استعمالات:
اس کو آٌپ ناشتے میں ڈبل روٹی کے سلائس کے ساتھ استعمال کرسکتے ہیں۔
کھیر بنانے میں بھی اس کو شامل کرسکتے ہیں۔
سیب یا کسی بھی پھل کے ساتھ لگا کر کھاسکتے ہیں۔
اس کو کیلے کے شیک میں ڈال کر استعمال کیا جاتا ہے۔
کھجور اور اوریو شیک میں بھی ڈالا جاتا ہے۔
مٹھائیوں کی تیاری میں بھی اس کو ذائقہ بڑھانے کے لئے ڈالا جاتا ہے۔
گھر میں بادام کا مکھن بنانے کا طریقہ:
اجزاء:
گھر میں اس کو آسانی سے بنانے کے لئے آپ کو درکار ہے:
تین کپ بادام،
آدھا کپ مکھن،
دو چمچ دودھ،
ایک چمچ کریم،
آدھا چمچ نمک۔
طریقہ:
• سب سے پہلے آُپ بادام دھو لیں اور ان کو خشک کرلیں۔
• اس کے بعد ان کو ایک پین میں ڈالیں اور بیس منٹ تک چولھے پر رکھ کر بھاپ لگائیں۔
• اب آٌپ ایک بلینڈر میں یہ بادام ڈالیں اور اچھی طرح ان کو پیس لیں کہ پاؤڈر تیار ہوجائے۔
• پھر اس میں دودھ، کریم، مکھن اور نمک شامل کرکے دوبارہ بلینڈر چلادیں اور اچھی طرح تمام چیزوں کو مکس ہونے دیں۔
لیجیئے تیار ہے آپ کا فوائد سے مالا مال بادام کا مکھن وہ بھی اتنی آسانی سے۔ تو آج ہی آپ بھی بنائیں اور صحت بڑھائیں۔