باورچی خانہ گھر کا وہ حصہ ہوتا ہے جہاں خواتین کا بہت زیادہ وقت گزرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس جگہ سے کسی بھی عورت کے سگھڑاپے کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ کچھ خواتین مہنگے ٹائلز اور ماربل کی سل تو لگوالیتی ہیں لیکن اس بات کی اہمیت نہیں جانتیں کہ اصل پول تو کچن کی مخصوص گندی اشیاء کھول دیتی ہیں۔ اس آرٹیکل میں آپ کو ان ہی گندی چیزوں کو صاف کرنے کا طریقہ بتایا جائے گا۔
چائے کی چھلنی
عام طور پر چائے کی چھلنی گندی ہونے پر پھینک دی جاتی ہے جبکہ اس کو صاف کرنا بہت ہی آسان ہے۔ ایک ساشے پیکٹ اینو کا لیں اور اسے ایک پیالے میں آدھا نکالیں اور ایک چمچ سرکہ ڈال کر مکس کریں۔ اب اس پیالے میں گندی چھلنی کو کچھ دیر ڈبودیں۔ 5 منٹ بعد چھلنی نکال کر پرانے ٹوٹھ برش سے رگڑ کر صاف کریں۔
اگر چھلنی صاف نہ ہو اور بہت زیادہ پتی جمی ہوئی ہو تو ایک پتیلی میں ڈش واش اور پانی ملا کر ڈالیں اور ایک چمچ سوڈا ڈال کر ابال آنے دیں۔ اس کے بعد آنچ دھیمی کر کے چھلنی کو پتیلی میں ڈال دیں اور کچھ دیر پکنے دیں۔ تھوڑی دیر بعد چھلنی نکال لیں اور ٹوٹھ برش سے دوبارہ صاف کریں۔ ساری جمی ہوئی پتی پھول کر آرام سے نکل آئے گی اور چھلنی بالکل نئی چمچاتی ہوئی ہوجائے گی۔ یہ طریقہ صرف اسٹیل کی چھلنی پر استعمال کریں
توا
توا اگر چکنائی زدہ ہو تو اس پر ٹوتھ پیسٹ لگا کر اسفنج سے صاف کریں اور پانی سے کھنگالتے ہوئے بھی اسفنج سے رگڑ لیں۔ اگر توا سادی روٹی پک پک کر بہت خراب ہوچکا ہے تو پہلے چولہا جلا لیں اور توے کو درمیانی آنچ پر پانچ منٹ کے لئے رکھ دیں۔ گرم توے کو احتیاط سے کسی اسکریپر سے ہر طرف کھرچیں۔ گرم ہونے کی وجہ سے تمام جما ہوا آٹا اور تیل آرام سے نکل آئے گا پھر تھوڑا سفید سرکہ لے کر توے پر پھیلا لیں اور جونے پر برتن دھونے والا صابن لگا کر توا مانجھ لیں۔ بالکل صاف ہوجائے گا۔
گرائینڈر کا جگ
گرائینڈر کا جگ کچھ خواتین کو گرائینڈر کا جگ دھونا کافی مشکل کام محسوس ہوتا ہے۔ اس کو دھونے اور اچھی طرح صاف کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ چند قطرے ڈش واش کے ڈالیں اور پانی ڈال کر گرائینڈر مشین چلا دیں اور پھر سادے پانی سے کھنگال کر خشک کرلیں۔