اس موسم میں بالوں کو بہت سے مسائل درپیش ہوتے ہیں جن میں سب سے عام بالوں کا روکھا، پھیکا، خشک اور بے جان ہوجانا ہے۔ اسلیئے آج ہم آپ سب کے ساتھ شئیر کریں گے خشک اور پھیکے بالوں کی وجوہات اور کیلے کے فوائد، اسکے علاوہ ایک زبردست ہیئر ماسک بھی۔
خشک اور پھیکے بالوں کی وجوہات:
خشک اور پھیکے بالوں کی کئی وجوہات ہیں جیسے وٹامنز کی کمی، کھانے کی غیر صحت مند عادات، غذائیت کی کمی، نمی کی کمی، پانی کم پینا، بالوں کو گرم پانی سے دھونا، بلو ڈرائی کرنا، کلرنگ وغیرہ۔ کیمیائی علاج سے بال ایک وقت کے بعد خشک اور خراب ہوجاتے ہیں۔ اسکے علاوہ آلودگی، تناؤ، سورج کی روشنی، الٹرا وائلٹ شعاعیں، ایئر کنڈیشنر اور بہت گرم یا بہت سرد موسم بھی بالوں کو خشک اور پھیکا بنا سکتا ہے۔
کیلے کے ہیئر ماسک کے فوائد:
کیلا نمی سے بھرا ہوتا ہے جو بالوں کو کافی ہائیڈریشن فراہم کر سکتا ہے۔ یہ پوٹاشیم، اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن سی، وٹامن بی 6، میگنیشیم اور پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے، جو بالوں کی پرورش اور صحت کیلیئے بہترین ہے۔ کیلے کا ہیئر ماسک بالوں کو ہائیڈریٹ کرنے کے ساتھ ان کو نرم، ریشمی اور چمکدار بناتا ہے۔ یہ بالوں کی نشوونما کرتا ہے اور جھرجھری والے بالوں یعنی فریزی ہیئرز کو قابو کرنے میں مدد کرتا ہے۔
ہیئر ماسک بنانے کے لیے اجزاء:
ایک پکا ہوا کیلا
زیتون کا تیل 1 چمچ
بادام کا تیل 1 چمچ
شہد 1 چمچ
چکنائی والا دودھ 2 چمچ (یا 1 چمچ کریم)
انڈا 1 عدد
یہ مقدار کندھے سے درمیانی لمبائی کے بالوں کے لیے ہے، تاہم اگر آپ کے بال لمبے ہیں تو آپ دو پکے ہوئے کیلے استعمال کر سکتے ہیں اور اس کے مطابق باقی چیزوں کی ایک مقدار بڑھا دیں
ہیئر ماسک بنانے کا طریقہ:
۔ پیالے میں ایک پکا ہوا کیلا لیں اور اسے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں، پھر کانٹے کا استعمال کرتے ہوئے کیلے کو اچھی طرح میش کر کے پیسٹ بنا لیں۔
۔ اب اس میں انڈا، شہد، زیتون کا تیل، بادام کا تیل، دودھ یا کریم شامل کریں۔
۔ اسکے بعد تمام اجزاء کو اچھی طرح سے مکس کریں تاکہ کوئی ٹکڑا باقی نہ رہے اور ماسک یک جان ہوجائیں۔
ہیئر ماسک لگانے کا طریقہ:
اپنے بالوں کو اچھی طرح سے تقسیم کریں اور ماسک کو جڑوں سے لگانا شروع کریں اور کناروں تک لگائیں۔ کوشش کریں پورے بالوں میں اچھی طرح سے لگ جائے۔ اب بالوں کو ڈھیلا باندھ کر ڈھانپنے کے لیے شاور کیپ لگا لیں۔ اس ماسک کو 15 سے 30 منٹ تک بالوں میں چھوڑ سکتے ہیں، اب بالوں کو نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھو کر ہلکے شیمپو کا استعمال کریں۔ آپ اس ماسک کو ہفتے میں ایک یا دو بار استعمال کر سکتے ہیں۔