آم کا میٹھا
اجزاء:
پاکستان ہمارا وطن وہ خوش نصیب ملک ہے جسے اللہ نے ہر نعمت سے نوازا ہے۔ پھل، پھول، سبزی، دریا، پہاڑ، صحرا ہر چیز اس ملک میں موجود ہے۔ پھلوں کی بات کریں تو دنیا کا ہر پھل یہاں موجود ہے۔ خاص کرآم اور وہ بھی دنیا کے لذیذ ترین آم ہمارے پاس موجود ہیں ۔ آم کا موسم ہو اور ہر گھر میں آم موجود نہ ہو، ایسا تو ہو نہیں سکتا اور ہر گھر میں کیری(کچا آم) اور آم دونوں سے ہی مزے مزے کی ڈشز بنائی جاتی ہیں، جس میں اچار، چٹنیاں،کھانے اور سوئٹ ڈشز شامل ہیں۔ اسی لئے ہم آج آپ کے لئے ایسا میٹھا لائے ہیں جو کہ بنانا بہت ہی آسان ہے اور اگر اچانک مہمان آجائیں تو ایک بہت ہی مزیدار اور لذیذ ڈش ہے۔ اس کے لئے آپ کو چاہیے۔
آم ایک کلو
چینی آدھا کپ
دودھ ایک کپ
فریش کریم ایک پیالی
کارن فلور ایک چوتھائی کپ
دودھ (کارن فلور گھولنے کے لئے)
ترکیب:
آم کا گودا نکال کر اس کوبلینڈر میں ڈال کراس کا پیسٹ بنا لیں ،چینی اور دودھ بھی شامل کردیں۔ اب ایک گاڑھا پیسٹ آپ کے پاس تیار ہو جائے گا۔
اب اس پیسٹ کو ایک پتیلی میں ڈال کر چولہے میں چڑھادیں ، جب ابال آجائے تو اس میں کارن فلوردودھ میں گھول کر ڈال دیں۔ چمچ مسلسل چلاتے رہیں۔
تھوڑی دیر پکائیں، جب گاڑھا ہو جائے تو چولہے پر سے اتار کر ٹھنڈا ہونے دیں۔
اب ایک پیالے میں فریش کریم نکال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔
آم کا مکسچر کسی ڈش میں ڈال کراس کے اوپر کریم پھیلا دیں اور فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ جب خوب ٹھنڈا ہوجائے تو اس کی آم کے ٹکڑوں سے جیلی سے یا کسی بھی اور چیز سے سجا دیں۔ سجاوٹ اپنی پسند سے کریں ، لیجئیے آپ کا مزیدار میٹھا تیار ہے۔ خود بھی کھائیں ، گھروالوں کو بھی کھلائیں۔
Posted By: Afshan, Lahore
Add Your Recipe