خوبانیوں کو صاف دھو کر ان کے بیج نکالیں اور ان کو باریک کاٹ لیں۔ ایک پیالی گرم پانی میں ایک گھنٹے کے لئے بھوگو کر رکھیں، پھر ہلکی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔ جب پانی خشک ہونے پر آجائے تو اس مین شہد ڈال کر ملائیں اور چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرنے رکھ دیں۔ بادام کو گرم پانی میں بھگو کر چھیلیں اور باریک کاٹ لیں۔ تازہ دہی لے کر ململ کے کپڑے( چار تہہ کئے ہوئے) میں ڈالیں اور اسے پوٹلی کی طرح باندھ دیں۔ ایک پیالے کو فریج میں رکھیں اور اس کے اوپر والے شیلف میں اس پوٹلی کو لٹکا دیں تاکہ دہی کا پانی اس پیالے میں گرتا رہے۔ جب پانی مکمل طور پر نکل جائے اور دہی اچھی طرح خشک ہوجائے تو اسے بڑے پیالے میں ڈالیں اور اس میں بادام کا ایسنس اور خشک دودہ کا پاؤڈر ڈال کر الیکٹرک بیٹر سے پھینٹیں۔ پھر اس میں بادام اور ٹھنڈی کی ہوئی خوبانی ڈال کر ایک سے دو منٹ پھینٹیں اور پیالے کو فریزر میں رکھ دیں دو سے تین گھنٹے بعد نکال کر دوبارہ پھینٹ لیں اور خوبصورت سی ڈش میں ڈال کر جمنے تک فریزر میں رکھ دیں اور پھر ٹھنڈی ٹھنڈی فروزن ایپریکوٹ یوگرٹ پیش کریں۔