مونگ کی دال کے منگورے
اجزاء:
رمضان المبارک میں روزانہ گھر میں تلی ہوئی چیزیں دسترخوان کی زینت بنتی ہیں اس میں پکوڑے، سموسے، رول، کٹلٹس،آلو کے مختلف آئٹم جو مختلف شکلوں میں فرائی کئے جاتے ہیں اسکے ساتھ ساتھ ہر فیملی کی کچھ خاص افطاری کی چیزیں ہوتی ہیں جو اگر دسترخوان پر نہ ہوں تو ان کو افطار کا لطف ہی نہیں آتا ۔ ہم آج ایسی ہی ایک مزیدار ریسیپی یہاں آپ کے ساتھ شئیر کر رہے ہیں ،پکوڑے تو آپ روز ہی بناتے ہیں آج مونگ کی دال کے منگورے بنائیں، خستہ ،کرارے مزیدار منگورے جسے کھا کر سب بے ساختہ آپ کی تعریف پر مجبور ہوجائیں گے۔
مونگ کی دال 1 کپ (4 سے 5 گھنٹے بھگو دیں)
ادرک 1 انچ کا ٹکڑا
سونف 1 چائے کا چمچ
ثابت سفید زیرہ 1چائے کا چمچ
ثابت کُٹا دھنیا 1 کھانے کا چمچ
نمک 1 چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ
لال مرچ 1چائے کا چمچ
ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ
اجوائن ایک چوتھائی چائے کا چمچ
بھنا پسا زیرہ آدھا چائے کا چمچ
میٹھا سوڈا آدھا چائے کا چمچ
پیاز ایک عدد
ہری مرچ 2 سے 3 عدد
ہرا دھنیا ایک مٹھی
ترکیب:
مونگ کی دال 4 سے 5 گھنٹے کے لئے بھگو دیں ۔
جب اچھی طرح بھیگ جائے تو اس میں سے پانی نتھار لیں اور دال میں ادرک اور سونف ڈال کر پیس لیں۔
اب اس میں کُٹا ہوا ثابت دھنیا، سفید زیرہ،نمک، مرچ، ہلدی،اجوائن،پسا زیرہ، سوڈا ڈال کر اچھی طرح پھینٹیں۔
ذرا پھولا ہوا آمیزہ ہوجائے تو اس میں کٹی ہوئی پیاز ، ہری مرچ اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔
اب کڑھائی میں تیل گرم کریں ،آنچ درمیانی رکھیں ، اور اس میں ہاتھ سے اس آمیزے کو ڈالتی جائیں اور چلاتی جائیں ، جب اچھا سنہری رنگ آجائے تو نکال لیں۔
املی کی چٹنی یا کیچپ کے ساتھ پیش کریں ، خستہ کرارے مزیدار منگورے تیار ہیں۔
Posted By: Afshan, Karachi
Add Your Recipe