چنے کی دال کے کوفتے
اجزاء:
مہنگائی کے اس دورمیں دعوتیں کرنا اور پھر ان دعوتوں میں گوشت کی کئی ڈشزرکھنا ایک بہت مشکل مرحلہ ہے،لیکن آپ کی اس مشکل کومشہور شیف اعجاز انصاری نے حل کردیا ،چنے کی دال کے ایسے کوفتے بنادئیے کہ جو کہ آپ کی دعوتوں کی شان بڑھا دیں گے اور سب واہ واہ کریں گے۔ اس کی ترکیب درج ذیل ہے:۔
چنا دال 1 کپ(4 سے 5 گھنٹے کے لئے بھگو دیں)
پیاز 1درمیانی(باریک کاٹ کر پانی نچوڑکر خشک کرلیں)
ہری مرچ 1 سے 2 عدد(باریک کٹی ہوئی)
ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا)
نمک 1 سے ڈیڑھ ٹی اسپون
لال مرچ پاؤڈر 1 سے ڈیڑھ ٹی اسپون
ہلدی آدھا ٹی اسپون
زیرہ پاؤڈر 1 ٹی اسپون
خشک دھنیا پاؤڈر 1 ٹیبل اسپون
گریوی کے لئے:
پیاز 2 عدد درمیانی سائز
لہسن ادرک پیسٹ 1 ٹیبل اسپون
تیل آدھا کپ
ٹماٹر 2 عدد درمیانہ سائز
نمک 1 ٹی اسپون
لال مرچ پاؤڈر 1 ٹی اسپون
ہلدی آدھا ٹی اسپون
دہی آدھا کپ(پھینٹا ہوا)
زیرہ پاؤڈر آدھا ٹی اسپون
گرم مصالحہ پاؤڈر آدھا ٹی اسپون
دھنیا پاؤڈر 1ٹیبل اسپون
ہری الائچی 3 عدد
ترکیب:
چنے کی دال کو ہاون دستے میں یا گرائنڈر میں باریک پیس لیں پانی نہ ڈالیں۔ اس باریک پسی ہوئی دال میں باریک کٹی ہوئی پیاز(پانی بالکل نہ ہو)،ہری مرچ،دھنیا اور تمام مصالحے ملا لیں۔ اب اس کو ہلکا سا آئل ہتھیلی میں لگا کرحسب منشاء بالز بنالیں۔اب ان بالز کو درمیانی آنچ پر فرائی کر لیں ،کوفتے ڈالنے کے بعد بالکل نہ ہلائیں،ورنہ کوفتے ٹوٹنے کا خطرہ ہے،ایک منٹ کے بعد ان کو الٹ پلٹ کریں۔گولڈن براؤن ہوجائیں تو نکال کر علیحدہ رکھ لیں۔اب گریوی بنا لیں۔ اس کے لئے ایک پین میں تیل دال کر پیاز فرائی کریں ،پھر اس میں لہسن ادرک کا پیسٹ ڈالیں ہلکا سا بھون کر اس میں ٹماٹر ڈال دیں اور ان کو سوفٹ کر لیں۔ اب ان سب چیزوں کو چولہے سے اتار کر بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں۔ اب اس بلیند کئے ہوئے مصالحے کو دوبارہ پین میں ڈال کر بھون لیں، مصالحہ بھن جائے تو اس میں دہی ڈال کر بھونیں،اب زیرہ،گرم مصالحہ، اور دھنیا پاؤڈر اور ہری الائچی ڈال کر تھوڑا سا پانی ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیں ،جب ابلنے لگے تو اس میں کوفتے ڈال دیں اور تھوڑی دیر پکائیں۔ جب کوفتے نرم ہوجائیں اور گریوی کا شوربہ آپ کی مرضی کے مطابق گاڑھا ہو جائے تو چولہا بند کر دیں ۔ مزیدار چنا دال کوفتے تیار ہیں۔ چاول یا روٹی کے ساتھ تناول فرمائیں۔
Posted By: Afshan, Karachi
Add Your Recipe