Celebrities Demand Justice For Sana Yousuf
نہ کہنے کی سزا ــــ ایک اور بیٹی خاموش ہوگئی!
اسلام آباد میں ایک اور چراغ بجھ گیا — ٹک ٹاک پر زندگی کی رنگینیاں بکھیرنے والی 17 سالہ ثنا یوسف کو صرف اس لیے بے رحمی سے قتل کردیا گیا کیونکہ اُس نے ایک نوجوان کی خواہشات کو مسترد کرنے کی جرأت کی۔ ملزم، جو خود بھی ٹک ٹاکر ہے، اس کی دوستی کی کوششوں سے انکار برداشت نہ کرسکا اور ثنا کی ہنستی مسکراتی دنیا اجاڑ دی۔
یہ واقعہ صرف ایک قتل نہیں، یہ آئینہ ہے اس سماجی سوچ کا جو "نہ" کو چیلنج سمجھتی ہے، نہ کہ حق۔
یہ بس ایک اور کہانی ہے… جو ہم بھول جائیں گے — ماورا حسین
اداکارہ ماورا حسین نے انسٹاگرام پر دل کی بات کہتے ہوئے لکھا؛
ہم ایک ناکام معاشرہ بن چکے ہیں۔ یہاں ظلم پر شور نہیں، صرف خاموشی ہے۔ ہم مظلوم کو ہی مشورے دیتے ہیں، ذمہ دار ٹھہراتے ہیں کہ وہ بچ سکتی تھی، چھپ سکتی تھی۔۔۔ لیکن قاتل کی سوچ کو کوئی چیلنج نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ، ہمارا میڈیا، خاص طور پر ڈرامے، زہریلی محبت، زبردستی کے رشتے، اور مردانہ کنٹرول کو "رومانوی" انداز میں دکھاتے ہیں، جو اصل میں خطرناک پیغام بن کر نوجوانوں کے ذہنوں میں بیٹھ جاتا ہے۔
یہ وہی بات ہے جو کل میں نے کہی تھی ــــــ ایمن سلیم
اداکارہ ایمن سلیم نے بھی سخت الفاظ میں پاکستانی ڈراموں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ، ہم ایک ایسا کلچر بنا چکے ہیں جو پیار کے نام پر کنٹرول کو جائز سمجھتا ہے۔ ہم محبت کو ملکیت سے جوڑتے ہیں، انکار کو برداشت کرنا نہیں سکھاتے، اور پھر حیران ہوتے ہیں جب کوئی اپنی ضد میں کسی کی جان لے لیتا ہے۔
ایمن نے حال ہی میں ایک ٹی وی ڈرامے پر تنقید کی تھی جس میں ایک خاتون کو رسیوں سے باندھ کر ایک "بولڈ اور رومانی" منظر کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ ان کے بقول، یہ سب محض فکشن نہیں رہتا، یہ رویوں کی بنیاد بن جاتا ہے۔
سوال یہ ہے: ہم کب بدلیں گے؟
کب ہم اپنے ڈراموں میں ایسے کردار دکھانا بند کریں گے جو زبردستی کو 'محبت' کی علامت بنا کر پیش کرتے ہیں؟
کب ہم انکار کو ایک مکمل، محترم جواب ماننا سیکھیں گے؟ اور کب ہم ایسے واقعات کو محض دو دن کی خبر کے بجائے، ایک تبدیلی کی پکار سمجھیں گے؟
ثنا اب اس دنیا میں نہیں۔۔۔ لیکن اگر ہم نے آنکھیں نہ کھولیں تو کل شاید کوئی اور ثنا، کوئی اور بیٹی، اسی انجام کا شکار ہو۔
Discover a variety of News articles on our page, including topics like Celebrities Demand Justice For Sana Yousuf and other health issues. Get detailed insights and practical tips for Celebrities Demand Justice For Sana Yousuf to help you on your journey to a healthier life. Our easy-to-read content keeps you informed and empowered as you work towards a better lifestyle.