سردی ہو یا گرمی دن ہو یا رات اچار کھانے کا نہ تو کوئی موسم ہے نہ ہی کوئی وقت، یہ تو بس زبان کا وہ چسکا ہے جو ایک بار منہ کو لگ جائے تو جاتا نہیں ہے۔
اور جب بات ہو اچار کی تو، مرچوں کے اچار کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔ تو آج ہم آپ کو بتائیں گے مرچوں کے اچار کی وہ ریسیپی جو دہلی میں چھولے بھٹوروں کے ساتھ بہت شوق سے کھائی جاتی ہے۔ اسکے ساتھ ہی اچار کو محفوظ رکھنے کی ٹپ بھی آپ کے ساتھ شئیر کریں گے۔
اچار بنانے کا طریقہ:
۔ سب سے پہلے ہری مرچوں کو دھو کر خشک کرلیں، پھر چھری یا قینچی کی مدد سے اسے بیچ سے چِیرا لگا کر دو حصوں میں کاٹ دیں۔
۔ اب ایک فرائی پین میں سونف، رائی، زیرہ اور میتھی دانہ ڈال کر اسے بھوں لیں، بھوننے کے بعد انھیں پیس کر اسکا پاؤڈر بنا لیں
۔ اب ان کٹی ہوئی مرچوں میں لال/ کشمیری مرچ ، ہلدی، نمک، ہینگ، آمچور پاؤڈر، بھونیں مصالحےکا پاؤڈر، کلونجی اور سفید سرکہ شامل کریں
۔ اب ایک پین میں سرسوں کا تیل لیں اور اسے گرم کریں، پھر مرچوں کے پیالے میں اس تیل کو ڈال کر اچھے سے مکس کرکے برنی میں بھردیں۔
اچار کو محفوظ رکھنے کی ٹپ:
۔ کوئلے کے ٹکڑے کو چولہے پر رکھ کے گرم کریں، جب وہ لال ہونے لگے تو اسے ایک پلیٹ میں نکال کر اس پر ہینگ ڈال کر فوراً شیشے کی برنی رکھ کر تھوڑی دیر کیلیئے چھوڑ دیں۔
۔ تھوڑی دیر بعد اسی برنی میں مرچوں کا اچار بھر کر رکھ دیں، اس سے اچار میں ذائقہ بھی آئے گا اور یہ لمبے عرصے تک محفوظ رہے گا اور خراب بھی نہیں ہوگا۔